مرکزتعلیم وتحقیق کا ایک مختصر تعارف

تعارف

یہ ایک ناقابلِ انکار حقیقت ہے کہ احیاے اسلام کے حوالے سے امت مسلمہ کا سرِ فہرست مسئلہ تعلیم و تحقیق ہے ۔اس کے بغیر اقوامِ عالم میں نہ کوئی باوقار مقام حاصل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی دین کی کوئی حقیقی خدمت ممکن ہے ۔ نفاذِ شریعت کے لیے کام کرنے والی دینی قوتوں میں ایک عرصہ سے ایسے رجالِ کار کی کمی کا شدت سے احساس پایا جاتا ہے جو فکری،تعلیمی ،سیاسی ، معاشی اور تمدنی میدانو ں میں مسلمانوں کی نشاۃ ثانیہ میں بنیادی کردار ادا کریں ۔اس اہم دینی فریضہ کی ادایگی کی خاطر 26 مئی 2009ء کو مرکز تعلیم و تحقیق  کا قیام  عمل میں لایا گیا ہے ۔ادارے کے اہداف کا تعین ‘‘ تعلیم وتحقیق ’’ کے عنوان سے خود ہی ہوجاتا ہے ۔یہ محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں  ہے بلکہ  ایک تعلیمی و تحقیقی تحریک کا عنوان ہے کیونکہ یہ کام ایک وسیع  اور ہمہ گیر علمی ،تحقیقی اور فکری تحریک کا تقاضا کرتا ہے ۔

قیام

مرکز تعلیم وتحقیق کا قیام: 26 مئی 2009ء 

سنگِ بنیاد

بدست محترم جناب پروفیسر ڈاکٹر  انیس احمد (وائس چانسلر رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی،اسلام آباد)

مرکز تعلیم و تحقیق کے قیام کی ضرورت

نفاذ شریعت کے لیے کام کرنے والی دینی قوتوں میں ایک عرصہ سے ایسے رجالِ کار کی کمی کا شدت سے احساس پایا جاتا ہے جو فکری،تعلیمی ،سیاسی ،معاشی اور تمدنی میدانوں میں مسلمانوں کی نشاۃ ثانیہ میں بنیادی کردار ادا کریں ۔مرکز تعلیم و تحقیق کا قیام اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے ۔

مقاصد

اکیسویں صدی کے ماحول میں اسلامی تہذیب و تمدن کا احیا

تمام علوم و فنون ،ادبیات ،آرٹس وغیرہ کی اسلامی بنیادوں پر  تشکیل ِ جدید

مغرب کے علمی ،فکری اور تہذیبی  غلبہ سے اسلامی فکر و دانش کے جو چشمے خشک ہوگئے ہیں ان کااز سرِ نو احیا

ایسے اربابِ فکر و دانش کی ایک جماعت کی تیاری  جو اسلامی نقطہ نظر سے رائج الوقت علوم و معارف کا جائزہ لے کر  کھرا کھوٹا الگ کر دکھائے جو مغرب کی فکری امامت کے طلسم کو پاش پاش کرکے اس کا بر سر غلط ہونا دلائل و براہین سے ثابت کرے۔ 

جو اسلام کی صداقت ،حقانیت اور برتری کو دورِ حاضر کی زبان میں پیش کرسکے۔

اہداف

مختلف شعبہ جات افتاء ،قانون اور اسلامی معیشت میں متخصصین اور اسکالرز کی تیاری .

نوجوان محققین کی تیاری جو امت کو درپیش مسائل کا مدلل حل پیش کرسکیں ۔ .

مختلف شعبہ ہاے حیات کی ضروریات کے مطابق ریفریشر کورسز کا اجراء .

دینی مدارس کے اساتذہ کو تدریس کی تربیت دینا .

مقام

 تعلیم موٹروے چوک اسلام آباد ،H-15 گلشن تعلیم 

مدیر مرکز تعلیم وتحقیق

ادارے کےمدیر ڈاکٹرحافظ  حبیب الرحمٰن  ۱۹۹۸ ءسے شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  اسلام  آبادسے وابستہ ہیں ،جہاں وہ شعبہ تحقیق ومطبوعات کے صدر رہ چکے ہیں۔آپ اس وقت صدر/چئیرمین شعبہ  تربیت کےفرائض سرانجام دے رہےہیں شعبہ تربیت کےزیرانتظام جج صاحبان ،وکلاء اور مفتیان کرام کےتربیتی  پروگرامزکاانعقاد کیاجاتاہے۔آپ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سےایل ایل بی اور پنجاب یونیورسٹی لاہور سےمغربی  قانون اوراصول فقہ میں قانون کی سندکےموضوع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔آپ کی تحقیق کامیدان قانون،فقہ اور اصول فقہ ہے جس پرآپ نے متعددعلمی مقالہ جات لکھےہیں۔ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آباد اور شریعہ اکیڈمی کے شعبہ مطبوعات کے تحت ان کی متعدد کتب شائع ہوچکی ہیں جن میں احکام طلاق ،اسلام کاقانون قسامت، فقہی اختلاف  کی حقیقت ،آداب وضوابط،احکام وصیت،قواعد اصولیہ میں فقہاء کااختلاف اور فقہی مسائل پراس کااثر(ترجمہ)اور شریعت اسلامی کاعمومی تصور(ترجمہ)ہیں۔ اور شعبہ مطبوعات مرکزتعلیم وتحقیق  کے تحت احادیث الاحکام دوجلدوں میں شائع ہوچکی ہے